تلاش

محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!ہم نے اپنی گزشتہ زندگی مختلف آزمائشوں اور مشکلات میں گزاری ہے۔زندگی دکھوں اور پریشانیوں میں گزر رہی تھی۔ ہم نے اپنی زندگی میںایسا بُرا وقت دیکھا ہے کہ اب دعا کرتی ہوں اللہ تعالیٰ کسی کو بھی ایسا وقت نہ دکھائے جس میں انسان مجبور‘بے بس اور محتاج بن کر رہ جائے ۔ان مشکل حالات میں ہم نے دنیا کے بہت سے رنگ دیکھے، رشتے داروں نے ہم سے منہ موڑ لیا، جنات نے جینا مشکل کر دیا،اپنے مسائل کا حل پانے کے لئے جگہ جگہ پھرے اور دربدر ہو کر رہ گئے لیکن صرف تکلیف اور پریشانی کے سوا کچھ بھی نہ مل سکا۔زندگی کے دن رات انہی آزمائشوں میں گزرنے لگے۔ایک طرف تنگدستی‘ پریشانیاں ‘مصیبتیں اور دوسری طرف جنات کے وار‘زندگی انہی مسائل میںمحصور ہو کر رہی گئی۔جس شخص نے جہاں بتایا وہاں گئے تا کہ کسی طرح ہمارے دکھ درد ختم ہو جائیں‘غموں کے بادل چھٹ جائیں لیکن کسی نے دکھوں کا مداوا نہیں کیا۔
ایک دن کسی عزیز نے آپ کے بارے میں بتایا۔اللہ نے کرم کیا اور آپ سے ملاقات کا ٹوکن ملا۔تقریباً چار سال پہلے کی بات ہے جب ہماری آپ سے پہلی ملاقات ہوئی۔آپ نے پڑھنے کے لئے کچھ روحانی وظائف اور اعمال عطا کیے۔آپ نے ہمیںدم بھی کیا ۔ آپ سے ملنے کے بعد تسبیح خانہ سے تعارف ہوا‘ وہاں کی حاضری نصیب ہوئی جس کی برکت سے ہمیں زندگی کی ویرانیوں اور اندھیروں میںروشنی نظر آئی۔ آہستہ آہستہ مسائل حل ہونا شروع ہو گئے۔جادو جنات کا خاتمہ ہونے لگا۔اللہ تعالیٰ کا فضل متوجہ ہوا جس سے تنگدستی ختم ہوئی‘ رزق میں برکت ملی‘ عبادت میں دھیان نصیب ہوا۔ہماری محرومیاں ختم ہو گئیں۔ اس کے علاوہ اللہ تعالیٰ نے ایسی روحانی دولت اور بہت کچھ عطا کیا جسےدنیا کی نظر دیکھ نہیں سکتی ۔مختصر یہ کہوں کہ شیخ الوظائف اور تسبیح خانہ سے ہماری تمام دنیاوی اور روحانی ضرورتیں پوری ہو گئیں‘دنیا و آخرت سنور گئی۔