ہمارے خاندان میں سب کو معدے کے کافی مسائل ہیں کبھی کبھار تو بیٹھے بیٹھے ہی درد اٹھتا ہے اور آرام آنے کا نام ہی نہیں لیتا یا کچھ چٹ پٹا اور مرچ مصالحے والی چیزیں کھا لینے سے بھی بہت تکلیف ہوتی ہے‘ خاص طور پر رمضان المبارک میں افطاری کے بعد ایسے مسائل آجاتے ہیں کہ انسان سحری تک مشکل میں پھنس جاتا ہے لیکن یہ نسخہ آگ پر پانی کا اثر رکھتا ہے۔ ایک چمچ پانی کے ہمراہ لینے سے فوراً آرام آتا ہے یہ نسخہ بڑے بوڑھے استعمال کرتے تھے ان سے ہی آگے چلا ہے اور سو فیصد کارآمد ہے۔ھوالشافی: پہاڑی پودینہ، دیسی اجوائن ہموزن لے کر ملا کر رکھ لیں جب کھانے لگیں تو ایک چمچ بھر کر اس پر ایک چٹکی نمک ڈال دیں اور پانی کے ہمراہ استعمال کریں۔ ٹھنڈے پانی کے ہمراہ لینے سے فوراً اثر کرتا ہے۔ روزہ افطار کرکے جی بھر کر کھائیے اور بعد میں صرف ایک چمچ یہ دوا کھالیجئے‘ تراویح میں طبیعت بالکل تازہ دم رہے گی اور سحری کے وقت خوب بھوک لگے گی اور سارا دن آپ کا معدہ آپ کو ہرگز تنگ نہیں کرے گا۔
انگوٹھے کی مالش سے لاجواب صحت ملی!
حضرت جی! آپ کی محفل میں ایک مرتبہ آپ نے ٹانسلز کے لیے ایک ٹوٹکہ بتایا تھا کہ کلونجی کا تیل لے کر دائیں انگوٹھے پر لگائیں اور دوسرے ہاتھ کی چاروں انگلیوں اور ہتھیلی میں انگوٹھا لے کر ہاتھ کو گھمائیں اور اس انگوٹھے کی مالش کریں‘ اتنی مالش کریں کہ انگوٹھا گرم ہوجائےاور اتنا گرم ہوجائے کہ دوسرے ہاتھ کو اس انگوٹھے کی جلن محسوس ہو۔ جب انگوٹھا اتنا گرم ہوجائے تو پھر اس پر فوراً کوئی گرم پٹی باندھ دیجئے۔ میرے چاچا کے بیٹے کو بہت ٹانسلز تھے اتنے زیادہ کے کچھ کھا پی بھی نہیں سکتا تھا ۔ وہ ہر وقت بیمار ہی رہتا تھا اور کمزور بھی بے حد ، گلے کا درد، الٹی، منہ میں چھالے رہتے تھے ۔ ہم نے ان کو یہ ٹوٹکہ بتایا انہوں نے تب سے آج تک ناغہ نہیں کیا اور بچہ ایک دو بار کے کرنے سے ہی ٹھیک ہونا شروع ہوگیا اب تک اسے ایک بار بھی بخار نہیں ہوا نہ منہ میں چھالے نکلے بلکہ اس کے ٹانسلز نہ ہونے کے برابر ہیں ہر چیز کھاتا ہے اور صحت بھی بہت اچھی ہورہی ہے ۔ یہ ٹوٹکہ رات سونے سے پہلے کرنا ہے۔مزید اس کے جو فوائد بتائے تھے وہ یہ تھے کہ یہ عمل کرنے سے بچے کا قد بڑھتا ہے۔ کمزور نظر والے کی کمزوری نظر ختم اورعینک کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ حافظہ اور یادداشت بہت لاجواب ہوجاتی ہے۔ اعصاب پٹھے مضبوط اور کندھوں کا کھچاؤ بالکل ختم ہوجاتا ہے۔ مزید بے شمار امراض ایسے ہیں جن کا خاتمہ صرف اس چھوٹے سے عمل سے ہوتا ہے۔ تو قارئین آپ بھی اس رمضان المبارک میں جب بھی سہولت کا وقت ملے ساتھ ذکر الٰہی کرتے جائیں‘ درود پاک پڑھتے ہوئے انگوٹھے کی مالش کرتے رہیں‘ پھر روحانی اور جسمانی دونوں فوائد پائیں۔