محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ پاک آپ کو صحت زندگی و خوشحالی عطا فرمائے‘ آمین ثم آمین۔ آپ کے زیر سایہ شائع ہونے والا ماہنامہ عبقری میرا روحانی استاد ہے‘ اس سے میں نے بہت کچھ سیکھا‘ آپ کے ہر جمعرات کو ہونے والے درس میرے لیے مشعل بنے۔ میری روحانی ترقی میں عبقری رسالہ اور آپ کا بہت زیادہ اثر ہے۔ اللہ پاک آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ ایک آزمودہ روحانی نسخہ عبقری قارئین کے لیے بھیج رہا ہوں امید ہے عبقری قارئین ضرور فائدہ اٹھائیں گے۔ یہ انتہائی چھوٹا اور طاقتور ترین وظیفہ ہے۔
یہ ایک روحانی نسخہ ہے اس ورد کو صبح صبح کریں اور پھر رزق ایسے برسے گا جیسے بارش برستی ہے مخلوق خدا آپ کی بہت عزت کرے گی یعنی یہ عمل لوگوں میں عزت پانے کے لیے بھی میرا آزمودہ ہے میں نے جس جس کو یہ نسخہ بتایا‘ الحمدللہ رزلٹ توقع کے مطابق آئے گا‘ بیماری کے لیے بھی لاجواب ہےاور رزق کمائی کے لیے تو میرا آزمودہ ترین نسخہ ہے اس کے ورد کرنے سے آپ کی روحانی طاقت بڑھ جائے گی جس کا احساس آپ کو اس ورد کا ذکر کرنے کے بعد محسوس ہوگا۔ میں اپنے مریضوں کو بتاتا ہوں بیماری دور کرنے میں اس وظیفہ کا کوئی ثانی نہیں‘ میں نے اس کو بہت مجرب اور اکسیر ترین پایا آپ بیماری کا تصور رکھ کر اس کو پڑھیں‘ تین تسبیحات صبح‘ تین تسبیحات شام اور پھر اس کےاثرات دیکھیں‘ رزق کی تنگی کی شکایت کرنےوالے حضرات سے گزارش ہے کہ اس وظیفہ کو صرف گیارہ روز تک گیارہ تسبیح صبح و شام کرکے تجرباتی طور پر کرکےدیکھیں‘ ان شاء اللہ مایوسی نہیں ہوگی اور بہترین رزق کے لیے مستقل پڑھا کریں صبح و شام لاتعداد اول و آخرطاق تعداد میں درود شریف پڑھنا ہرگز نہ بھولیے گا۔ وظیفہ یہ ہے:۔
استغفراللہ رب البرایا۔
استغفراللہ من الـخطایا۔
میں نے یہ عمل وظیفہ‘ ذکر کی صورت میں اپنے موبائل میں کاپی کیا ہوا ہے‘ دوران سفر سنتا رہتا ہوں اور پڑھتا رہتا ہوں‘ بہت برکات حاصل ہوتی ہیں۔ مہنگائی ‘بیروزگاری‘ تنگدستی کے مارےا فراد اس وظیفہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں۔ (ڈاکٹر ظفرحمید ملک‘ اٹک سٹی)