میری عمر 24سال ہے میرے بالوں کا رنگ بھورا ہے۔ میں نے دو تین بار ان پر رنگ کرایا مگر اب میرے بال بالکل کھردرے اور خراب ہوگئے ہیں۔ دیکھنے میں بھی جلے جلے سے لگتے ہیں۔ (شمائلہ، لاہور)
مشورہ:اس عمر میں آپ نے بالوں کو کیوں رنگوایا؟ بار بار رنگوانے سے بال بے جان اور روکھے ہو جاتے ہیں۔ کیمیاوی رنگوں میں زہریلے مادے ہونے کی بناء پر یہ سب کچھ ہوتا ہے۔ ماہرین پہلے تھوڑے سے بالوں پر رنگ لگا کر دیکھتے ہیں، پھر سارے بال رنگتے ہیں۔ اب دیسی طریقہ اپنائے۔ تھوڑے آملے کو رات کو پانی میں بھگوئیے، آملہ ایک پائو، سیکا کائی ایک چھٹانک، میتھی دانہ ایک چھٹانک ملا کر پسوا کر رکھ لیں۔ دو چمچ یا اس سے زیادہ بالوں کے مطابق لے کر رات کو پانی میں بھگوئیے، صبح سر میں لگا کر آدھ گھنٹے بعد سر دھو لیجیے۔ بال ابھی کچھ گیلے ہی ہوں تو لیموں کا رس آٹھ دس قطرے اور زیتون کا تیل پانچ چھ قطرے ملا کر انگلیوں سے بالوں میں خوب مالش کرکے سوکھنے دیجیے۔ آپ کے بالوں میں چمک آئے گی اور خشکی بھی دور ہوگی۔ گرمی کے موسم میں آملے سے سر دھونے سے سر میں ٹھنڈک پڑجاتی ہے اور سکون ملتا ہے۔