محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! اللہ تعالیٰ آپ کو صحت وتندرستی عطا فرمائے اور آپ کا سایہ ہم پر ہمیشہ قائم رکھے‘ اللہ تعالیٰ آپ کو دن دگنی رات چگنی ترقی عطا فرمائے۔ محترم حضرت حکیم صاحب میں عبقری کے ایک گزشتہ شمارے میں ایک وظیفہ پڑھا تھا‘ مجھے جب بھی کوئی مشکل یا پریشانی پیش آتی ہے میں یہی وظیفہ پڑھتی ہوں تو میرا مسئلہ حل ہوجاتا ہے‘ اس کےعلاوہ میں نے جس کسی کو بھی بتایا اس کی پریشانی بھی اسی وظیفہ سے حل ہوئی وہ وظیفہ یہ ہے: اول و آخر تین تین بار درود شریف‘ ایک مرتبہ سورۂ فاتحہ اور تین بار سورۂ اخلاص پڑھ کر اپنے مسئلہ کے حل کیلئے دعا کریں۔ قبض اور امراض معدہ کیلئے ٹوٹکہ: یہ ٹوٹکہ ہمارا خود کا آزمایا ہوا ہے‘ خشک کوڑتمہ لے کر باریک کرکے اس میں منقیٰ بیج نکال کر ڈالیں‘ منقیٰ اتنی مقدار میں ڈالیں کہ اس کی گولیاں بن جائیں‘ دو گولی صبح‘ دو گولی شام کو کھانے سے آدھ گھنٹہ پہلے یا بعد میں کھائیں۔ قبض کیلئے بہت زبردست چیز ہے۔ محترم حضر ت حکیم صاحب! جتنی آپ اللہ کی مخلوق کی خدمت کررہے ہیں اللہ آپ کو اس کا بہترین اجر دے ہم تو آپ کیلئے دعا ہی کرسکتے ہیں۔ آمین ثم آمین۔ (بنت اکبر‘ چیچہ وطنی)