(زاہد علی قریشی‘ کنڈیارو)
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!آپ کے درس میں ایک مرتبہ سورۂ کہف کے فوائد سنے‘ حیرانی بھی ہوئی اور خوشی بھی‘ حیرانی اس لیے کہ مجھے پہلے سورۂ کہف اور لفظ کہف کے اتنے زیادہ فوائد معلوم ہی نہ تھے‘ یہ معلوم ہی نہ تھا کہ صرف کہف کہنے سے بھی مسائل حل ہوجاتے ہیں‘ کہف خود جادو کا علاج ہے۔ آپ نے اس درس میں اسی سورۂ کی ایک آیت فَضَرَبْنَا عَلٰی اٰذَانِہِمْ فِی الْکَہْفِ کے بارے میںفرمایا تھا کہ جس کو نیند نہ آتی ہو وہ اس آیت کو پڑھنا شروع کردے تو ان شاء اللہ اس کو نیند آجائے گی۔ مجھے اس عمل سے بہت فائدہ ہوا‘ رات کو عشاء کی نماز کے بعد یہ آیت پڑھنا شروع کردیتا ہوں‘ سارے دن کی تھکاوٹ‘ ٹینشن ‘ ڈیپریشن‘ پٹھوں کا کھچاؤ ہرطرح سے سکون ملتا ہے‘ پرسکون نیند سوتا ہوں اور صبح نماز فجر کے وقت بالکل تازہ دم ہوکر اٹھتا ہوں۔ عبقری کے واٹس ایپ پر ایک پوسٹ آئی کہ جب بھی کسی افسر سے کام ہو تو آپ اسم یَاعَزِیْزُ چالیس مرتبہ پڑھیں ان شا اللہ آپ کا کام ہو جائے گا‘ دوست کو بتایا اس کو اس کا افسر بہت تنگ کرتا تھا‘کچھ دنوں کے بعد مجھے ملا تو کہنے لگا واقعی میں نے یہ عمل کیا ‘ اللہ کے نام کی برکت سے میرا مسئلہ حل ہوگیا۔ اب حیران کن طور پر میرا افسر میرے ساتھ انتہائی نرم رویہ رکھتا ہے۔