تلاش

ماہ رجب کو بعثت نبوی ؐسے بھی پہلے سے حرمت والے مہینے کا درجہ حاصل ہے اور اس مہینے میں جنگیں رک جایا کرتی تھیں، اس مہینے کئی اہم اسلامی واقعات بھی پیش آئے ہیں۔اس مہینہ نفلی عبادات اور اعمال کے بہت فضائل ہیں۔
پہلی شب کے خاص نوافل
حضور اکرم ﷺ کا ارشاد گرامی ہے کہ جب ماہ رجب کا چاند دیکھو تو پہلے ایک مرتبہ یہ دعا پڑھو: اَللّٰہُمَّ بَارِکْ لَنَا فِیْ رَجَبَ وَ شَعْبَانَ وَ بَلِّغْنَا رَمَضَانَ (رواہ البیہقی)
نفل نماز: ماہ رجب کی پہلی شب نماز عشاء کے بعد دس رکعت نماز پانچ سلام سے پڑھیں‘ہر رکعت میں بعد سورئہ فاتحہ کے سورئہ کافرون تین مرتبہ اور سورئہ اخلاص تین دفعہ پڑھیں۔ انشاء اللہ تعالیٰ اس نماز پڑھنے والے کو اللہ پاک قیامت کے دن شہیدوں میں شامل کریگا اور ہزار درجہ اس کے بلند کریگا۔
ہر دعا قبول ہوگی!
رجب کی پہلی شب بعد نماز عشاء چار رکعت نماز دو سلام سے (یعنی دو دو رکعت کر کے)پڑھیں‘ ہر رکعت میں بعد سورئہ فاتحہ کے بعد سورئہ الم نشرح ایک بار ‘سورئہ اخلاص ایک بار سورئہ فلق ایک بار اورسورئہ الناس ایک بار پڑھیں‘ جب دو رکعت مکمل کر کے سلام پھیریں تو کلمہ توحید 33 بار اور درود شریف 33مرتبہ پڑھیں۔ پھر دو رکعت کی نیت باندھ کر پہلی دو رکعت کی طرح پڑھے پھر بعد سلام کے کلمہ توحید 33دفعہ درود شریف 33دفعہ پڑھ کر جو بھی حاجت ہو اللہ پاک سے طلب کرے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ ہر دعا قبول ہوگی۔
مقصد میں کامیابی کا عمل
 اس مہینہ کے پہلے جمعہ کو بعد مغرب کے بارہ رکعت نفل چھ سلام سے پڑھے جائیں۔ ہر رکعت میں بعد الحمد کے سورۃ القدرتین بار‘اس کے بعد ستر بار پڑھے: اَللّٰہُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدِ نِ النَّبِیْ الْاُمُیِّ وَ عَلٰٓی اٰلِہٖ وَسَلِّمْ تَسْلِیْمَا پھر سجدہ میں جا کر پانچ بار سُبُّوْحٌ قُدُّوْسٌ رَبُّ المَلٓائِکَۃِ وَالرُّوْحِ اور پھر سر اٹھائے اورکہے رَبِّ اغْفِرْ وَارْحَمْ وَ تَجَاوَزْ عَمَّا تَعْلَمُ اِنَّکَ اَنْتَ الْعَزِیْزُ الْاَعْظَمْ پھر دوسرا سجدہ اسی طرح کرے۔ پھر اپنے مقصد کے حصول‘ پریشانیوں اور مشکلات سے نجات کے لئے دعا کرے‘ ان شاءاللہ مقصد حاصل ہو گا ۔
ماہ رجب میں روزہ رکھنے کی برکات
ماہ رجب المرجب کی ستائیس تاریخ کے روزہ کی بڑی فضیلت ہے۔ حضرت سید عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ اپنی تصنیف ’’غنیۃ الطالبین‘‘ میں ایک روایت نقل فرماتے ہیں کہ جس کے راوی حضرت ابومسلم رضی اللہ عنہ ہیں اور حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ اور حضرت سلمان رضی اللہ عنہ سے نقل کی گئی ہے کہ حضورﷺ نے ارشاد فرمایا کہ:۔’’رجب کے مہینہ میں ایک دن اور ایک رات ایسی ہے کہ اگرکوئی اس دن کا روزہ رکھے اور عبادت کرے تو اس شخص کو ایک سو برس روزے رکھنے کا ثواب اور سو برس عبادت کرنے والے کی عبادت کا ثواب ملے گا۔ یہ وہ رات ہے جس کے بعد رجب کی تین راتیں رہ جاتی ہیں(ستائیسویں شب) اور یہ وہ دن ہے کہ جس دن اللہ تعالیٰ نے حضرت نبی کریمﷺ کو رسالت عطا فرمائی تھی۔‘‘ستائیسویں رجب المرجب کو روزہ رکھنے کی فضیلت کے بار ےمیں ایک اور روایت حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضور نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا کہ’’جس نے ستائیسویں رجب کا روزہ رکھا اس کو ساٹھ مہینوں کے روزوں کا ثواب عطا ہوگا۔
 
 ماہ رجب کی کسی بھی شب کو بارہ رکعات نماز تین سلام(یعنی چار چار رکعت ) سے پڑھیں ‘پہلی چار رکعات میں سورئہ فاتحہ کے بعد سورۃ القدر ہر رکعت میں تین تین مرتبہ پڑھیں‘ سلام کے بعد سات مرتبہ بیٹھ کر یہ پڑھیں۔ لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ الْمَلِکُ الْحَقُّ الْمُبِیْنُ ‘دوسری چار رکعات میں سورئہ فاتحہ کے بعد سورئہ نصر تین تین مرتبہ‘ سلام کے بعد بیٹھ کر ستر مرتبہ یہ کلمات پڑھیں: اِنَّکَ قَوِیٌّ مُّعِیْنٌ وَّاحِدِیٌّ دَلِیْلٌ بِحَقِّ اِیَّاکَ نَعْبُدُ وَاِیَّاکَ نَسْتَعِیْنُ۔ آخری چار رکعات میں سورئہ فاتحہ کے بعد سورئہ اخلاص تین تین مرتبہ ہر رکعت میں‘ سلام کے بعد بیٹھ کر سات مرتبہ سورئہ الم نشرح پڑھے‘ پھر بارگاہ رب العزت میں دعا مانگے ان شاء اللہ تعالیٰ جو حاجت ہوگی وہ اللہ تعالیٰ قبول فرمائے گا۔ ماہ رجب المرجب کی پندرہ تاریخ کو کسی نماز کے بعد ایک مرتبہ یہ استغفار پڑھنی بہت افضل ہے۔ اس دعا کے پڑھنے والے کی تمام برائیاں مٹا کر اللہ پاک اسے نیکیوں میں بدل دیگا۔
اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ الَّذِیْ لَآاِلٰہَ اِلاَّ ہُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ غَفَّارُ الذُّنُوْبِ وَسَتَّارُ الْعُیُوْبِ وَاَتُوْبُ اِلَیْہِ
ماہ رجب کی کسی تاریخ کو نماز ظہر یا مغرب یا عشاء کی نماز کے بعد سورئہ کہف ایک بار سورئہ یٰسٓ ایک بار، سورئہ حٰمٓ ایک بار، سورئہ دخان ایک بار سورئہ معارج ایک بار پڑھے پھر سورئہ اخلاص ایک ہزار مرتبہ پڑھے۔