تلاش

جسمانی اعضاء کی تکلیف       
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم !ہمیں عبقری سے بہت فیض ملا ہے۔اللہ آپ کی اور آپ کی نسلوں کی حفاظت فرمائے اور قیامت تک عبقری سے لوگوں کو فیض پہنچائے ۔آمین۔میںپچھلے تیرہ سال سے دونوں بازو،ہاتھوں اور اب ایک ٹانگ میں درد کا شکار ہوں ڈاکٹری علاج بھی کیا اور کئی لوگوں سے دم بھی کروائے لیکن کوئی فرق نہ پڑا ، دوا کھاؤں تو جتنی دیر دوا کا اثر رہتا ہے درد ٹھیک ہو جاتاہے اور جیسے ہی دوا کا اثر ختم ہو تو درد شروع ہو جاتا ہے۔اس کے لئے مجھے علاج تجویز فرما دیجئے۔ (شمشاد نسیم ، حافظ آباد)
مشورہ:ہڈیوںجوڑوںکےلئےیہ نسخہ بہت لاجواب ہے آپ بھی استعمال کریں۔ فائدہ ہوگا۔ اگر کہیں سے شہد کی مکھی کا چھتہ مل جائے تو اس کے موم کی گولیاں چنے کے برابر بنا لیں، ایک گولی دن میں تین بار غذا سے آدھا گھنٹہ پہلے کھائیں۔ سوتے وقت ایک چائے کا چمچ مچھلی کا تیل بھی پئیں ۔ ان شاء اللہ شفاء ملے گی۔ 
نوجوانوں کے روگ
محترم حضرت حکیم صاحب السلا م علیکم!میری عمر چوبیس سال ہے اورمجھے جسمانی کمزوری بہت زیادہ ہے، پوشیدہ مسائل کا شکار ہوں، میرا جسم نوجوانوں کی طرح صحت مند نہیں ہے بلکہ ڈھلکا ہوا جسم ہے۔مجھے جریان کا مرض بھی بہت شدت سے ہے، مجھے کچھ ہوش نہیں رہتا ہے کہ میں کہاں ہوں، کیا بول رہا ہوں ، کیا بات کرنی ہے ،جوڑوں میں بھی درد ہوتا ہے۔محنت طلب کام کرتے ہوئےمیرا جسم ساتھ نہیں دیتا ، رات کو نیند نہیں آتی ، مجبوراً نیند کی گولی کھا کر سوتا ہوں، کیا کروں مجبور ہوں۔گولی نہ کھا ؤں تو پٹھے کھنچے رہتے ہیں، سر میں بھی درد رہتا ہے، یہ سب میرے بری عادتوں کا نتیجہ ہے۔ میں شادی کے قابل نہیں ہوں، لوگ طعنے دیتے ہیں کہ تم اسّی سال کے بوڑھے لگتے ہو۔ معاشی طور پر اس قابل نہیں کہ مہنگا علاج کرواسکوں۔مجھے آسان علاج تجویز فرما دیجئے مہربانی ہو گیی)
مشورہ : آپ غذائی قلت کا شکا ر ہیں پوری غذانہ ملنے سے یہ تمام کمزوریاں ہوئی ہیں ، خالص مکھن اور دیسی گھی کو بھی انسانی صحت کے لئے بنایا گیا ہے ، جہاں ضروری ہو وہاں ان کا استعمال کرنا ضروری ہے، خشکی سے بدن سکڑتا ہے اور تری سے جسم پھیلتا ہے۔دوا کا استعمال سخت بیماری کے وقت کرنا چاہیے، کسی مرض میں معالج دوا تجویز کرے تو ضرور استعمال کرنی چاہیے مگر جہاں غذا کی ضرورت ہو وہاں دوا کا تجویز کرنا لا عملی کی دلیل ہے۔ موسمی پھل زیادہ استعمال کریں صحت مند ہو جائیں گے۔عبقری دواخانہ کا نوجوانوں کے روگ کورس اور اکسیر البدن استعمال کریں۔ ہلکی پھلکی ورزشیں اور بھاگ دوڑ ضرور کریں۔ 
بیٹے کی معذوری
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میرا بیٹا جس کی عمر 3 سال ہے وہ چلتا نہیں ہے ، دو سال کی عمر تک وہ چارپائی کے سہارے چلتا رہا، ڈاکٹر کو دکھایا تو انہوں نے کہا کہ خون کی کمی ہے جس کی وجہ سے یہ خود نہیں چلتا کچھ بچے دیر سے چلتے ہیں ‘ لیکن کچھ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ خود سے چلنا شروع کر دے گا۔ لیکن اس کے برعکس وہ کمزور ہوتا چلا گیا۔پھر کھانا پینا بہت کم کر دیا منہ سے ہر وقت پانی ٹپکتا رہتا ہے، پھر دونوں ہاتھوں کی مٹھیاں بند کرنا شروع کر دیں ٹانگوں کو سکیڑکر رکھتا ہے۔ اب تین ماہ سے سر جھکنا شروع ہو گیا ہے۔ بولنا کم کر دیا ہے اور ایک دو الفاظ کے علاوہ کچھ نہیں بولتا۔ ہاتھوں اور پاؤں کی حرکت کم کر دی ہے،بیٹھ بھی نہیں سکتا ۔ ہاتھوں کی مٹھیاں  تھوڑی تھوڑی کھولتا ہے، کھانا بالکل بھی نہیں کھاتا، روٹی یا پھل چباتا نہیں نگلتا ہے، الٹا لیٹتا ہے،سیدھا نہیں لیٹ سکتا، اگر سیدھالیٹے تو آنکھیں پھڑ پھڑ ا نے لگ جاتی ہیں۔اپنے ہاتھ کو سر کے پیچھے مارتا ہے اور روتا ہے،ڈاکٹروں نےکہا ہے کہ آپ بچے کو بڑے ہسپتال لے جائیں۔دماغ کا الٹرا ساؤنڈ کروائیں، برائے مہربانی اس کا کوئی علاج تجویز فرما دیجئے۔(محمد وقاص، ساہیوال)
مشورہ:بچوں کی جسمانی، دماغی نشوونما میں کمی ہو تو ایسی صورت میں یہ ٹوٹکہ بہت مفید ہے۔آپ بچے کو یہ استعمال کروائیں اور جہاں سے علاج کروا رہے ہیں وہ علاج بھی جاری رکھیں۔ ہلدی لے کر خود پیس لیں اور اس کے وزن کے برابر تخم بالنگو ملا لیں، چنے کے برابر دن میں تین سے پانچ بار بچے کو استعمال کروائیں۔ اس ٹوٹکے سےلاعلاج بیماریاں اور بہت سےبچوں کی معذوری دور ہو ئی ہے۔ یہ ٹوٹکہ بہت بڑی نعمت ہے ۔اللہ کی ذا ت سے امید ہے کہ آپ کے بیٹے کو بھی اس سے شفاء اور صحت ملے گی۔
ماہواری کے مسائل اور موٹاپا  
محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!میرے پانچ بچے ہیں ، عمر انتالیس سال ہے۔پانچویں بچے کے بعد میں نے آپریشن کروایاجس سے حمل نہ ہو لیکن اس سےمیرا پیٹ بہت بڑھ گیا ہے ، موٹاپا زیادہ ہو گیا ہے ، ہاتھ پاؤں سن ہو جاتے ہیں ، گردن میں کھچاؤ اور پٹھے کھنچے کھنچے رہتے ہیں ، معدے کے کیپسول کھاتی ہوں ، دوائی کھاؤ تو معدہ ٹھیک رہتا ہے نہ کھاؤں تو طبیعت خراب ہو جاتی ہے ، بلڈ پریشر لو ہوتا ہے اور خشک کھانسی ہوتی ہے ، ماہواری کے مسائل ہونے لگے ہیں اور سر میں بہت درد رہتا ہے۔ خاص ایام میں کالا اور بدبو دار مواد آتاہے۔اچھی سی دوائی یا نسخہ بتا دیں۔(ن ،ا۔ خانیوال)
مشورہ:  آج کے دور کی مرغن ‘مصالحہ دار غذائیں اور پر آسائش زندگی صحت نہیں بیماری کو دعوت دیتی ہے۔ خواتین کے ہارمونز کا مسئلہ بھی اسی کی وجہ ہے۔ سب سے پہلے توسادہ غذا لیں اور یہ نسخہ استعمال کریں۔ ھو الشافی: نوشادر، ریوند خطائی ، سونف ، شورہ قلمی ہر ایک ہم وزن کوٹ پیس کر ایک چوتھائی چھوٹا چمچ نیم گرم پانی یا گرم دودھ کے ہمراہ دن میں 3 یار 4 بارستعمال کریں ،کھٹی اور بادی چیزوں سےپرہیز کریں۔