تلاش

محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!میں گزشہ 9 سال سے عبقری رسالہ پڑھ رہی ہوں۔اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں اس رسالہ کی وجہ سے بہت فوائدحاصل ہوئے۔آپ اکثر روحانی محفل کے اعلانات میں فرماتے ہیں اور میگزین میں بھی اپنے آزمودہ طبی و روحانی تجربات تحریر کرکے دعائوں میں شامل ہوں اور صدقہ جاریہ کا باعث بنیں۔لہٰذا آج چند تجربات قارئین کی خدمت میں پیش کر رہی ہوں۔
خواب کے ذریعے راہنمائی اور نجات
ہمارے کچھ حاسدین تھے جو سخت نقصان پہنچانا چاہتے تھےاور اس کیلئے مختلف حیلے کر رہے تھے۔میں بہت پریشان تھی کہ کوئی بڑانقصان نہ ہو جائے کیونکہ ان کے ارادے بہت خطرناک لگ رہے تھے۔ایک دن اسی پریشانی کے عالم میں سو گئی تو رات کو خواب میں آپ سے ملاقات ہوئی ‘ آپ نے تسلی دی اور فرمایا کہ پریشان نہ ہو ‘ اعمال کی برکت سے ہی ہم بچیں گے اور پھر آپ نے مجھےایک درود پاک جو اکثر روحانی محفل کے آغاز میں آپ پڑھتے ہیں اس کی تلقین فرمائی۔میں نے گھر والوں کو بھی یہ درود پاک پڑھنے کا بتایا۔اللہ کا کرم ہے اس درود کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے ہماری اور ہمارے بچوں کی عزت و عصمت ‘جان و مال کی حفاظت فرمائی‘حاسدین سے نجات ملی۔اس درود پاک کے کمالات عبقری مجموعہ وظائف میں بھی شائع ہوئے۔درود پاک یہ ہے: 
اَللّٰھُمَّ لَکَ الْحَمْدُ کَمَا اَنْتَ اَھْلُهٗ فَصَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ کَمَا اَنْتَ اَھْلُهٗ وَافْعَلْ بِنَا مَآ اَنْتَ اَھْلُهٗ فَاِنَّکَ اَنْتَ اَھْلُ التَّقْوٰی وَ اَھْلُ الْمَغْفِرَۃِo
چہرہ کو نکھارنے کیلئے فطری نسخے
اگر کسی کے چہرے پر بہت زیادہ چھائیاں ہوں اور وہ کسی بھی طرح سے ختم نہ ہو رہی ہوں تو ان سے نجات کے لئے بادام اور خشخاش ہم وزن لے کر تھوڑے سے پانی میں کچھ دیر بھگوکر رکھیں کہ انہیںآسانی سے پیس سکیں۔را ت کے وقت اس کا لیپ بنا کر پورے چہرے پر لگاکر سو جائیں۔صبح کے وقت اٹھ کر منہ دھو لیں‘ چند بار یہ نسخہ آزمانے سے چہرے سے چھائیوں کا خاتمہ ہو جائے گا۔
دہی بھی ایک قدرتی کلیزنگ ہے جو کہ چہرےکے مختلف مسائل کے لئے بہت مفید ہے۔اگر چہرہ کی جلد پھٹی ہوئی محسوس ہوتی ہو تو دہی کا لیپ کچھ دیر لگا کر منہ دھولیں‘چند دن یہ ٹوٹکہ آزمانے سے مسئلہ حل ہو جائےگا۔
چہرے کی رنگت کو نکھارنے کیلئے بہت لاجواب نسخہ ہے۔اس کے لئے کلونجی حسب ضرورت لے کر باریک پیس لیں اور گھی (دیسی مل جائے تو زیادہ بہتر ہے) میں ملا کرمرہم بنا لیں اور چہرہ پر لگائیں۔ آدھا گھنٹہ سے ایک گھٹنے تک لگائی رکھیں اور پھر چہرہ دھو لیں‘ ان شاءاللہ کچھ دن میں ہی چہرہ نکھر آئے گا۔
ایسا لذیذ پکوان جو دل موہ لے!
عبقری سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لئے مزیدار پکوان بنانےکی ترکیب بتا رہی ہوں۔یہ بریانی بنانے کا ایسا طریقہ ہے جو آپ کی صحت کے لئے نقصان کے بجائے فائدہ مند ہونے کے ساتھ ساتھ ایسی لذیذ ہو گی کہ جو بھی کھائے گا تعریف کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔طریقہ درج ذیل ہے۔
اجزاء:مرغی کا گوشت آدھا کلو‘ چاول آدھا کلو‘ گول کٹے ہوئے ٹماٹر‘ آدھا کلو‘بادیاں کے پھول دو عدد‘ چھوٹی سبز الائچی ‘ دو عدد‘کڑی پتے دو عدد‘ ثابت کالی مرچ  پسی ہوئی ایک چائے کا چمچ‘ثابت سفید زیرہ دو چائے کے چمچ‘لہسن اور ادرک پسے ہوئے دو چائے کے چمچ‘ دہی ایک پیالی(پھینٹی ہوئی)‘کیوڑہ ایک چائے کا چمچ‘زردے کا رنگ آدھا چمچ‘نمک ایک چمچ‘مکھن پچاس گرام‘تیل پچاس گرام۔
ترکیب:سب سے پہلے دہی میں سارے مصالحے اور مکھن ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔اب اس میں گوشت ڈال کر مکس کریں اور آدھے گھنٹہ مصالحے جذب ہونے کیلئے چھوڑ دیں۔پھر کسی دیگچی میں آئل ڈال کر اس میں گوشت اور مصالحہ جات وغیرہ ڈال کر اچھی طرح پکا لیں کہ قورمہ تیار ہو جائے۔اب دوسری طرف چاولوں کو نمک اور تھوڑا سا تیل ملا کر ابال لیں۔اب تیاری کے لئے ایک برتن میں چاول پھیلا کر اوپر قورمہ کی تہہ لگا دیں اور خوبصورتی کے لئے زردہ کا رنگ لیموں‘ ہرا دھنیا ‘ پودینہ اور تلی ہوئی پیاز ڈال کر پندرہ منٹ تک دم لگا دیں۔بس ذائقہ دار بریانی کا پکوان تیار ہے۔