محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!آپ کا نہایت شکر گزار ہوں کہ عبقری کی وجہ سے آپ نے ہمیں لاعلاج اور پیچیدہ بیماریوں کا علاج فطری غذائوں اور ٹوٹکوں کے ذریعہ بتایا ورنہ مہنگی ادویات اوران کے زیادہ استعمال کی وجہ سے ہونے والے مضر اثرات سےبے شمار لوگ پریشان تھے۔ عبقری رسالہ سے ہر ماہ بے شمار لوگ نفع پارہے مگر آپ کی طب اور روحانیت کے موضوع پر شائع ہونے والی مختلف کتب کا مطالعہ کر چکا ہوں جس سےمیں اور میرے حلقہ احباب میں شامل لوگ بہت زیادہ مستفید ہوئے ہیں۔
میں کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں رہائش پذیر ہوں۔میرے ایک عزیز جن کی عمر تقریبا66 برس ہے وہ کافی عرصہ سے گردہ کی تکلیف میں مبتلا تھے‘علاج کرواتے رہے مگر افاقہ نہ ہوا اور آخر کار ان کا ایک گردہ فیل ہو گیا۔وہ بہت زیادہ سخت اذیت میں تھے‘چلنے پھرنے میںسخت دشواری کاسامنا تھا‘عمر کا تقاضہ تو تھا ہی مگر گردہ کی بیماری نے ان کا جینا محال کر رکھا تھا۔مجھے جب ان کے مرض کے بارے میں اطلاع ملی تو انہیں آپ کی کتاب’’ہزار سال پرانے طبی و روحانی بھید‘‘ میں لکھا ٹوٹکہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا کہ ایک انجیر کا دانہ رات کے وقت پانی میں بھگو دیں اور صبح نہار منہ کھا لیں۔اسی طرح صبح کے وقت بھی ایک دانہ بھگو کررکھ لیں اور شام کے وقت کھا لیں‘پانی پھینک دیں۔ادویات کے بے دریغ استعمال اورعلاج کی وجہ سے وہ بیزار اور مایوس ہو چکے تھے۔چنانچہ انہوں نے وہ نسخہ استعمال کرنا شروع کر دیا‘دو ماہ مسلسل استعمال کرنے کے بعد انہوں نے جب ٹیسٹ وغیرہ کروائے تو گردہ کی حالت پہلے سے کافی بہتر تھی۔اس کے علاوہ انہیں چلنے پھرنے میں بھی آسانی محسوس ہونے لگی۔انہوں نے یہ تمام صورتحال سے مجھے آگاہ کیا اور بہت خوش تھے۔میں نے انہیں مشورہ دیا کہ اس نسخہ کی مقدار دگنی کردیں اور مزیدتین ماہ مسلسل استعمال کرکے مرض کی کیفیت سے ضرور آگاہ کریں۔انہوں نے میرے مشورہ پر من و عن عمل کیا اور وہ نسخہ مسلسل استعمال کرتے رہے جس سے ان کا مرض تقریباً ختم ہو گیا‘ٹیسٹ کروانے پر معلوم ہوا کہ ان کا گردہ کافی حد تک ٹھیک ہو چکا ہے۔
اب وہ روزانہ تین عدد انجیر کے دانے صبح و شام پانی میں بھگو کر استعمال کر رہے ہیں جس سے اب وہ خطرہ کی حالت سے باہر ہیں‘ صحت مند ہوچکے ہیں‘صحت مند زندگی جی رہے ہیں ‘ مجھے اور عبقری کو دعائیں دے رہے ہیں۔