تلاش

محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم!عبقری قارئین کے لئے اپنا ایک خاص طبی تجربہ لے کر حاضر ہوئی ہوں۔جو پٹھوں اور مہروں کے تکلیف سے متعلق ہے۔اگر ہم اپنے ارد گرد نظر دورائیں تو تقریباً ہر دوسرے گھر میں ان امراض سے متاثر کوئی نہ کوئی شخص نظر آتا ہے ‘ بالخصوص خواتین میں یہ مرض بہت زیادہ پھیل چکا ہے ‘ اس کے علاوہ بزرگ حضرات بھی ان مسائل کی وجہ سے سخت پریشان نظر آتے ہیں اور مختلف ادویات کے عادی بن جاتے ہیں مگر اس کے باوجود بھی انہیں مستقل طور پر شفاء نہیں ملتی۔اگر آپ یا آپ کا کوئی عزیز پٹھوں کی تکلیف سے پریشان ہے یا موہرےہل گئے ہوں‘ اس وجہ سے چلنا پھرنا اور اٹھنا بیٹھنا بھی دشوار ہو گیا ہو تو ان مسائل سے نجات کے لئے ایک بار یہ نسخہ آزمائیں‘ پٹھوں اورمہروں کی جیسی بھی تکلیف ہو ختم ہو جائے گی۔ 
میرے والد صاحب نے88 سال کی عمر میں وفات پائی۔وہ بھی یہ نسخہ استعمال کرتے تھے‘ہمارے گھر سے جامع مسجد کا  فاصلہ تقریباً تین کلو میٹر تھا‘ اپنی وفات تک وہ پیدل جمعہ پڑھنے کے لئے اس مسجد میں جاتے تھے اور انہیں کسی قسم کی کوئی دشواری نہ ہوتی تھی جبکہ ہمارے چچا ان سے دس سال چھوٹے ہونے کے باوجود گھٹنوں اور مہروں کی تکلیف کی وجہ سے زیادہ چل پھر نہیں سکتے تھے۔
بڑھاپےمیں جوانوں جیسی طاقت
میری ایک جاننے والی خاتون تھی ‘ ان کے مہرے ہل گئے تھے جس وجہ سے وہ سخت تکلیف میں مبتلا تھیں ‘چلنے پھرنے اور اٹھنے بیٹھنے میں بھی مشکل ہوتی تھی۔وہ ادویات استعمال کرکے تھک چکی تھیں مگر شفاء نہ مل رہی تھی۔میں نے انہیں یہی نسخہ استعمال کرنے کا مشورہ دیا اور تسلی دی کہ ان شاءاللہ چند دن میں ہی اس کا فائدہ ملنا شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے میرے مشورہ پر نسخہ استعمال کرنا شروع کیا اور تھوڑے ہی عرصہ میں وہ بالکل ٹھیک ہو گئیں ۔ایک دن ملاقات ہوئی تو   کہنے لگیں کہ اس نسخہ کی وجہ سے میرا مسئلہ حل ہو گیا ہے‘ مزید اتنا نفع مل رہا ہے کہ میرے شوہر نے بھی استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ میں اگر کسی دن نہ بنائوں تو وہ کہتے ہیں ابھی بنائو کیونکہ یہ غذا بھی ہے اور دوا بھی۔ ماشاء اللہ ان کی عمر ساٹھ سال سے زائد ہے لیکن وہ جوان لگتے ہیں اور کمزوری بھی نہیں ہے۔ یہ نسخہ ہم نے گھر میں بچوں کو بھی استعمال کروانا شروع کیا جس سے انہیں بھی بہت فائدہ ہوا۔بچے بیمار نہیں ہوتے ‘الحمدللہ سارا گھرانہ اس نسخہ کی وجہ سے صحت مند زندگی گزار رہا ہے۔قارئین واقعی یہ نسخہ بچوں‘ بڑوں اور بوڑھوں سے کے لئے مفید ہے۔اسے مریض ہی نہیں بلکہ تمام افراد استعمال کر سکتے ہیں جس سے قوت مدافعت میں اضافہ ہوتاہے‘ بیماریوں سے حفاظت رہتی ہے اور طرح طرح کی ادویات سے مکمل نجات ملتی ہے۔نسخہ درج ذیل ہے۔  
گندم کا دلیہ باریک تین چمچ‘ ایک چمچ دیسی گھی میں رات بُھون لیں اور تھوڑا سا پانی ڈالیں اور پکائیں۔ پانی اس لئے ڈالنا ہے تاکہ جلدی گل جائے پھر آدھا کلو دودھ ڈال لیں جب کسٹرڈ کی طرح پتلا سا بن جائے تو ایک چمچ بادام اور چاروں مغز ڈال لیں ‘سونے سے پہلے یا کسی بھی وقت حسب طبیعت استعمال کریں۔لوگ بازار سے ملنے والا دلیہ عمومی استعمال کرتے ہیں مگر میرے والد صاحب کا معمول تھا کہ جب گندم پسواتے تھے تو پانچ کلو علیحدہ دھو کر خشک کر کے آٹے کے ساتھ دلیہ بھی چکی سے بنوالیتے اور ہم سب کو کھلاتے جس وجہ سے ہمارا گھرانہ صحت مند اور بیماریوں سے حفاظت میں ہے۔