تلاش

محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم! ایک بار روحانی محفل میں آپ نے سورئہ النساء آیت نمبر 84 کے کمالات بیان فرمائے‘میں نے اس آیت کو کئی جگہوں اور کئی معاملوں میں آزمایا اور باکمال بے مثال پایا۔ میرا قسم کھانے کا مزاج نہیں ہے لیکن کچھ باتوں میں میں حیران رہ جاتی ہوں۔ اس آیت 84 کے کمالات یہ ہیں اور یہ آیت اللہ کی قسم فوراً ٹھا کرکے لگتی ہے اور اثر کرتی ہے۔ اس کو آزما کر دیکھ لیں جن کو یقین نہیں ۔چند مشاہدات تحریر کر رہی ہوں۔
لڑائی جھگڑوں کا یقینی خاتمہ
 پہلا فائدہ یہ ہے کہ لڑائی جھگڑوں کا یہ بہترین حل ہے۔ میرے دونوں بھائیو ں کی آپس میں اکثرتکرار اور لڑائی ہوتی‘بات آہستہ آہستہ ہاتھا پائی کی طرف بڑھ رہی تھی۔ جب بھی ایسی نوبت آتی تو میںاول و آخر دورد پاک کے ساتھ صرف 7 مرتبہ یہ آیت پڑھ کر ان کی طرف پھونک ماردیتی جس سے مسئلہ ختم ہو جاتا اور آخر ان میں لڑائی جھگڑے ہونا ختم ہو گئے۔ 
اگر کسی سے کوئی جائز بات منوانی ہو سات بار یہ آیت پڑھ لیں۔ایک عزیز کے گھر ضروری کام سے جانا تھا‘ بھائی نہیں مان رہے تھے مگر یہ آیت پڑھ کر ہدیہ کی اور کام ہو گیا۔ چھوٹے بھائی کا رویہ ہمارے ساتھ بہت برا تھا‘ان پر ہر وقت غصہ طاری رہتا‘ میںنے انہیں یہ آیت پڑھ کر ہدیہ کرنا شروع کی‘بھائی کا رویہ ہمارے ساتھ ٹھیک ہوگیا ہے۔
ایک بارمحلے میں کسی خاتون کی جھگڑے کی آواز آرہی تھی ‘ صرف تین بارآیت پڑھ کر ہدیہ کی ۔ لڑائی کی آواز بند ہوگئی۔چند دن بعدایک جگہ سے گزر ہوا جہاں بہت سخت لڑائی ہو رہی تھی۔ میں نے 11بار اول و آخر درودشریف کے ہمراہ یہ آیت پڑھ کر ہدیہ کی۔ اچھی خاصی جھگڑے کی آوازیں آرہی تھیں‘لوگ جمع تھے میں نے تین بار وقفے وقفے سے  سورہ نساء کی اس آیت کا ہدیہ کیا تو ان کی لڑائی ختم ہوگئی۔
اس آیت کے اتنے فوائد ملے کہ خود حیران ہوں‘سادہ الفاظ میں کہوں تو یہ آیت ایک دم ٹھا کرکے لگتی ہے اور فوری اثر کرتی ہے۔ چھوٹے بھائی کو ایک گھر پسند آگیا۔لیکن بہت زیادہ رکاوٹیں آہی تھیں‘ بھائی بہت پریشان کہ گھر ہاتھ سے نکل نہ جائے۔ میں نے یہی آیت پڑھنا شروع کر دی اور وہ مکان مل گیا۔ کوئی بھی شخص اگر آپ کی بات نہ مان رہا ہو تو اس آیت کی برکت سے وہ راضی ہو جاتا ہے‘ بارہا کا آزمودہ ہے۔
گمشدہ منٹوں میں حاضر
ایک بار بھائی کچھ دیر کے لئے کسی کام سے باہر گئے مگر شام ہونے کے باوجود واپس نہ لوٹے‘ہر قسم کا رابطہ منقطع ہو چکا تھا‘سب بہت پریشان تھے۔میں نے سورئہ نساء کی آیت پڑھ کر بھائی کو ہدیہ کرنا شروع کی‘ابھی چند مرتبہ ہی پڑھی تھی کہ بھائی اچانک گھر واپس آگئے۔سورئہ نساء کی آیت نمبر 84 یہ ہے۔ وَاللّٰہُ اَشَدُّ بَاْسًا وَّاَشَدُّ تَنْکِیْلًاo