محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! میں ماہنامہ عبقری گزشتہ سات سال سے پڑھ رہا ہوں‘ الحمدللہ! اس سے خوب مستفید ہوتا ہوں۔ مجھے گزشتہ ایک سال سے بخار تھا‘ بے شمار ٹوٹکے‘ ادویات اور ڈاکٹر آزمائے مگر بخار وقتی طور پر اترتا اور دوسرے دن پھر ہوجاتا۔ اس کی وجہ سے میں بہت پریشان تھا بلکہ میں تو ہمت ہی ہار بیٹھا تھا کہ اب ساری زندگی اسی بخار کے ساتھ گزارنا پڑے گی۔ ایک دن میری بڑی بہن ہاتھ میں عبقری رسالہ تھامے میرے پاس آئی اور کہا کہ بھائی! تم تسبیح خانہ میں جاکر دم کروا آؤ مجھے یقین ہے کہ تمہارا بخار اسم اعظم کے دم سے اترجائے گا۔ میں نے عبقری رسالہ پکڑا اس کے ٹائٹل پر لکھی تاریخ اور وقت نوٹ کیا اور ملتان سے لاہور کی ٹکٹ بک کروائی اور بروز اتوار صبح چار بجے تسبیح خانہ لاہور پہنچ گیا‘ دم سے پہلے آپ نے شفائیہ دعا کروائی‘ دعا مانگتے ہوئے عجیب کیفیت بنی اور میں خوب رویا‘ پھر روحانی دم شروع ہوا‘ جیسے ہی میں آپ کے سامنے سے گزرا‘ آپ نے دم فرمایا‘ مجھے ایسامحسوس ہوا میرے دماغ میں سے کوئی چیز نکل گئی ہے‘ میرا جسم بالکل ہلکا پھلکا ہوگیا۔ اس دن سے لے کر آج تک تقریباً چھ ماہ ہوچکے ہیں مجھے دوبارہ بخار نہ ہوا۔ (اویس‘ ملتان)