Search

حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ سے محبت کرو ان نعمتوں کی وجہ سے جو اس نے تمہیں عطا فرمائیں اور مجھ سے محبت کرو اللہ کی محبت کے سبب اور میرے اہل بیت سے میری محبت کی خاطر محبت کرو۔‘‘ (ترمذی‘ حاکم‘ امام ترمذی نے فرمایا یہ حدیث حسن ہے)۔حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے مجھے بتایا کہ سب سے پہلے جنت میں داخل ہونے والوں میں، میں (یعنی حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ خود) فاطمہ، حسن اور حسین (رضی اللہ عنہم اجمعین) ہیں۔ میں نے عرض کیا: یارسول اللہ ﷺ ہم سے محبت کرنے والے کہاں ہوں گے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: تمہارے پیچھے پیچھے‘‘۔ (اس حدیث کو امام حاکم نے روایت کیا ہے اور فرمایا ہے کہ اس کی حدیث کی اسناد صحیح ہیں۔) (اخرجہ الحاکم فی المستدرک163/3، الرقم: 4723)۔ حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: میرے پاس سردار عرب کو بلاؤ‘ میں نےعرض کیا: یارسول اللہ ﷺ کیا آپ ﷺ عرب کے سردار نہیں؟ فرمایا: میں تمام اولاد آدم کا سردار ہوں اور علی عرب کے سردار ہیں‘‘ (اخرجہ الحاکم فی المستدرک152/3، الرقم 4682) (امام حاکم‘ ابونعیم)