حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہٗ بیان کرتے ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرما یا: ایک فرشتہ جو اس رات سے پہلے کبھی زمین پر نہ اترا تھا اس نے اپنے پروردگار سے اجازت مانگی کہ مجھے سلام کرنے حاضر ہو اور مجھے یہ خوشخبری دے کہ فاطمہ (رضی اللہ عنہا) اہل جنت کی تمام عورتوں کی سردار ہیں اور حسن و حسین (رضی اللہ عنہم اجمعین) جنت کے جوانوں کے سردار ہیں۔ (ترمذی‘ نسائی‘ احمد)۔حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: اے فاطمہ! کیا تو نہیں چاہتی کہ تو تمام جہانوں کی عورتوں‘ میری امت کی تمام عورتوں کی اور مؤمنین کی تمام عورتوں کی سردار ہو!‘‘ (نسائی‘ حاکم)۔حضرت ابومسعود انصاری رضی اللہ عنہٗ سے روایت ہے کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: جس نے نماز پڑھی اور مجھ پر اور میرے اہل بیت پر درود نہ پڑھا اس کی نماز قبول نہ ہوگی۔ حضرت ابومسعودانصاری رضی اللہ عنہٗ فرماتے ہیں اگر میں نماز پڑھوں اور اس میں حضور نبی اکرم ﷺ پر درود پاک نہ پڑھوں تو میں نہیں سمجھتا کہ میری نماز کامل ہوگی۔ (دارقطنی‘ بیہقی)