Search

محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم! اللہ آپ کے مرتبے ‘ آپ کے علم اور عمر میں برکت عطا کرے ‘تسبیح خانہ اور اس سے منسلک تمام لوگوں‘ان کی اولاد اور نسلوں کی تاقیامت حفاظت کرے اور اس خیرو برکت والے نظام کو قائم و دائم رکھے ‘سدا مخلوق کے لئے عافیت کا ذریعہ بنائے رکھے۔ آمین!۔ بچپن سے کچھ خاندانی وظائف میرے معمول کا حصہ ہیںجن سے بہت فوائد پائے۔ اللہ کا کلام بہت طاقت ور اور حق ہے اس کا سو فیصد فائدہ ہوتا ہے بس کبھی کچھ ہماری ہی کمی ہوتی ہے جو بے یقینی کی وجہ سےہم ان فوائد سے محروم رہ جاتے ہیں۔چند مجرب وظائف پیش کر رہا ہوں۔
حاجت روا عمل
ُ اگر کسی کی کوئی حاجت پوری نہ ہو رہی ہو تو اسے چاہیے کہ ہر فرض نماز کے بعدصرف 21 بار یَارَافِعُ پڑھ لے‘اس عمل کی بدولت اللہ ہر حاجت کو پورا کرتا ہے۔ الحمدللہ جب سے یہ کرنا شروع کیا کوئی حاجت ایسی نہیں جو پوری نہ ہوئی ہو۔یہ عمل میرا بارہا کا آزمودہ ہے۔
امتحان میں کامیابی
امتحانات میں کامیابی کے لئے بہت ہی مختصر‘آسان‘ زبردست اور لاجواب عمل ہے۔جب بھی امتحان قریب ہوں تو روزانہ صبح و شام سو مرتبہ یَامَلِکُ الْقُدُّوْسُ کا ورد اوّل وآخر سات مرتبہ درود شریف کے ساتھ امتحانات کا نتیجہ آنے تک پڑھنے کا معمول بنا لیں‘اس عمل سے ان شاءاللہ امتحانات میں یقینی کامیابی ہو گی۔
شہرت اور ترقی کے لئے
جو شخص اپنے عہدے میں ترقی اور اپنے کام میں شہرت حاصل کرنا چاہتا ہو تو اسے چاہیے کہ رات کو سوتے ہوئے سو مرتبہ ’’یَارَافِعُ‘‘ پڑھنے کا معمول بنا لے‘اس عمل کی برکت سے ان شاءاللہ ترقی ‘شہرت حاصل ہو گی اور وہ شخص ہر دلعزیز ہوگا‘جہاں بھی جائے گا عزت اور کامیابی قدم چومے گی۔ الحمدللہ اس عمل سے اللہ تعالیٰ نے مجھے ہر جگہ کافی عزت سے نوازااور بہت برکتیں عطا فرمائی ہیں۔
دشمنوں سےچھٹکارا
ایسا شخص جسے کسی دشمن یا کسی با اثر آدمی کا خوف وغیرہ رہتا ہےتو اسے چاہیے کہ پیر کی رات یا شبِ جمعہ کو مغرب کی نماز کے بعد 140 مرتبہ ’’یَامُعِزُّ‘‘ پڑھنے کا معمول بنا لے۔اس عمل کی برکت سے ان شاءاللہ اس کا رعب اور دبدبا دشمنوں اور مخالفین کے دِلوں پر بیٹھ جائے گا اور ان سے نجات ملی گی۔