Search

غیرمسلموں پر ظلم سے اجتناب: سیدنا انس رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ کا بیان ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا: ’’مظلوم کی بددعا سے بچو خواہ وہ کافر ہی ہو کیونکہ اس کی بددعا کی قبولیت میں کوئی رکاوٹ نہیں‘‘ (مسند احمد 153:3)۔ سیدنا ابوبکر رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم ؑﷺ نے فرمایا: جس نے بغیر سبب کے کسی ذمی (کافر) کو قتل کیا اللہ تعالیٰ نے اس پر جنت کو حرام کردیا۔ (ابوداؤد: 2760)۔ دوسری حدیث کے الفاظ اس طرح ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اس پر جنت کی خوشبو لینا(بھی) حرام کردیا ہے۔ (مسند احمد 38/5)۔ اس کی مزید وضاحت یوں کی گئی کہ جنت کی خوشبو بھی وہ نہیں سونگھے گا جبکہ اس کی خوشبو چالیس سال کی مسافت سے آئے گی۔ (البخاری 2965)۔ رسول کریم ﷺ نے فرمایا: ’’یاد رکھو! جس نے کسی ذمی (کافر) پر ظلم کیا یا اس کامعاہدہ (ناجائز طور پر) توڑا یا اس کی طاقت سے بڑھ کر اس پر بوجھ ڈالا یا اس کی خوشی کے بغیر اس سے کوئی چیز لے لی تو میں روز قیامت اس کی جانب سے جھگڑا کروں گا۔ (ابوداؤد 3052)