محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میرا ماہنامہ عبقری سے تعارف کچھ زیادہ پرانا نہیں لیکن پھر بھی میراسب سے پسندیدہ رسالہ ہے۔ مجھے مراقبے کا شروع سے ہی بہت زیادہ شوق تھا‘ اس کے متعلق میں نے کافی مطالعہ بھی مختلف کتب سے کر رکھا تھا لیکن جب عبقری میں اس کے فیض پانے والوں کے تاثرات پڑھے تومیں نے بھی مراقبہ کرنا شروع کردیا‘کافی عرصہ تو مجھے کچھ محسوس نہ ہوا لیکن میں نے ہمت نہیں ہاری اور تقریباً چھ ماہ کی مسلسل محنت کے بعد مجھے مراقبے میں مختلف بزرگوں کی اور مقدس مقامات کی زیارتیں ہوئیں۔ ابھی حالیہ مراقبہ میں میں نے محسوس کیا کہ ایک روشنی ہے جو میرے دل کے پاس آکر گر رہی ہے‘ میں نے اسے دل پر گرانے کی کوشش کی تو وہ بازوؤں پر گرنے لگی‘ پھر اس کے بعد اسم اعظم اللہ چمکتا دمکتا ہوا میرے سینے میں آگیا‘ جس سے میرا سینہ نورانی ہوگیا۔اس مراقبے کے بعد سے میں بالکل اپنے آپ کو ہلکا پھلکا محسوس کررہا ہوں۔ (غلام مجتبیٰ‘ اسلام آباد)