دیکھ لو تم کس کے دوست ہو!:حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’ آدمی اپنے دوست کے دین پر ہوتا ہے پس ہر ایک دیکھ لے کہ کس سے دوستی ہے۔‘‘ (سنن ابی داؤد شریف)۔ خیر اور شر کی کنجیاں:حضور نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: بعض لوگ بھلائی کی کنجی ہوتے ہیں اور برائی کیلئے تالااور بعض لوگ برائی کیلئے کنجی ہوتے ہیں‘ بھلائی کے لیے تالا۔ سو مبارک ہو اس شخص کو جس کے ہاتھ میں اللہ نے خیر کی کنجیاں رکھ دیں اور بربادی ہو اس شخص کے لیے جس کے ہاتھ میں شر کی کنجیاں رکھ دیں۔‘‘ (سنن ابن ماجہ)۔بھائی بھائی بن جاؤ:حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’سلام کو رواج دو اور کھانا کھلاؤ اور بھائی بھائی بن جاؤ جیسے تمہیں اللہ عزوجل نے حکم دیا ہے۔‘‘ (سنن ابن ماجہ)۔ حضور نبی اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’لوگوں پر ایک ایسا دور آئے گا کہ جس وقت کہ کوئی اس بات کی پروا نہیں کرے گا کہ دولت کس جگہ سے حاصل کی؟ حلال سے یا حرام سے‘‘ (سنن ابی داؤد شریف)۔
رسول کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’تم لوگوں میں سے کوئی شخص صاحب ایمان نہیں ہوسکتا جس وقت تک کہ وہ مجھ کو اپنے گھر، مال (اور جائیداد) اور لوگوں سے زیادہ نہ چاہے۔‘‘ (سنن نسائی شریف)