Search

احمد پور شرقیہ ضلع بہاولپور میں 29 رمضان المبارک کی صبح ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا‘ ایک آئل ٹینکر پھٹا جس کی وجہ سے مقامی آبادی کے سینکڑوں افراد زندہ جل گئے‘ جس میں بچے‘ بوڑھے‘ خواتین اور جوان سب شامل تھے۔ گھروں کے گھر اجڑ گئے‘ چونکہ احمد پور شرقیہ حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کا آبائی شہر ہے اوریہ واقعہ جس جگہ پیش آیا وہ دراصل حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم کی ’’عبقری حویلی‘‘ کے بالکل قریب تھا۔پاکستان سمیت پوری دنیا سے بے شمارافراد نے اس حادثہ کی وجہ سے حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم سے انتہائی افسوس کا اظہار کیا۔ احمد پور شرقیہ ہزاروں سال پرانا قدیمی شہر ہے لیکن اتنا بڑا حادثہ شاید ہی احمد پور شرقیہ کی تاریخ میں اس سے پہلے پیش آیا ہو۔ حضرت حکیم صاحب دامت برکاتہم تمام تعزیت کرنے والوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سےشکریہ اور مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی اپیل کرتے ہیں۔ آپ نے تسبیح خانہ میں بھی کئی بار مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کروائی۔