Search

محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!عبقری سے ملنے والے وظائف سے بہت فوائد پار ہی ہوں مگر ایک عمل ایسا ہے جو جب بھی اور جس مقصد کے لئے بھی کیا اس کا بہترین نتیجہ ملا۔چند مشاہدات قارئین کی خدمت میں تحریر کر رہی ہوں۔
میری کالج کی ایک سہیلی تھی جس کی شادی میں بہت زیادہ رکاوٹ تھی‘نہ صرف اس کی بلکہ اس کے باقی بہن بھائی بھی اب تک کنوارے تھے‘بڑی بہن کی شادی کی عمر بھی گزر چکی تھی ‘وہ 55 سال کی تھی مگر کہیں بھی رشتہ نہ ہو سکا۔میری سہیلی کو فکر تھی کہ کہیںاس کا حال بھی بڑی بہن کی طرح نہ ہو‘ اس کی شادی کی عمر بھی نکل رہی تھی۔اس نے بہت جگہ پر پیسہ برباد کیا‘ ہر کوئی کہتا کہ بندش ہے مگر توڑ کوئی نہ کر سکا۔ایک دن اس نے مجھے یہ تمام روداد سنائی ۔وہ بیچاری بہت پریشان اور دکھی تھی‘کہنے لگی کہ والدہ کینسر کی وجہ سے فوت ہو گئیں‘ اب ہمارا کچھ نہیں ہو سکتا۔تمام بہن بھائی خوب صورت اور خوب سیرت تھے مگر ان کا رشتہ نہ ہو سکا‘ جبکہ وہ میری ہم جماعت تھی اور میرے دو بچے جوان ہو رہے تھے۔میں نے اسے تسلی دی اور اسے عبقری رسالہ میں سے دیکھ کرسورئہ والضحیٰ کے نو کاف والا عمل بتایا۔اس کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے میں نے بھی اس کی شادی کی نیت سے یہ عمل شروع کر دیا۔مجھے اس عمل پر پورا یقین تھا‘ تین ہفتے مسلسل میں نے اس عمل کو جاری رکھا ‘ چوتھے ہفتےاس کا فون آیا‘بہت خوش تھی‘اس نے بتایا کہ ہمارے پرانے جاننے والے ہیں‘ ان کا بیٹا ڈاکٹر ہے‘اس کا رشتہ آیا ہے اور والد صاحب نے ہاں کر دی ہے۔تھوڑے ہی عرصہ میں الحمدللہ اس کی شادی ہو گئی۔اس عمل کو جاری رکھا جس کی برکت ان کی بڑی بہن جس کی شادی کی عمر گزر چکی تھی اس کی بھی شادی ہو گئی۔چھوٹی بہن اور بھائی کا بھی رشتہ طے ہو گیا۔وہ تمام گھر والے جب بھی ملتے ہیں بہت دعائیں دیتے ہیں۔اس عمل کی برکت سے اللہ تعالیٰ نےان کے گھر میں خوشیاں نصیب فرمائیں‘ آج وہ بہترین ازدواجی زندگی بسر کر رہے ہیں۔
آٹھ دن میں مسئلہ حل ہو گیا
بیٹے کا ایک معروف تعلیمی ادارے میں داخلہ کروانا تھا مگر اس کے مطلوبہ نمبر کم تھے ‘ سکول انتظامیہ نے داخلہ سے انکار کر دیا‘بیٹا مایوس ہو گیا ۔پرنسپل سے درخواست کی تو انہوں نے صاف انکار کر دیا۔میں نے اپنے بیٹے کے اس مسئلہ کی نیت سے سورئہ والضحیٰ کا یہی عمل کرنا شروع کر دیا۔آٹھ دن یہ عمل مسلسل پڑھا تھاکہ اگلے ہی دن سکول انتظامیہ کی طرف سے فون آگیا کہ آپ کاغذات اور فیس وغیرہ جمع کروادیں‘ا ٓپ کے بیٹے کی داخلہ کی درخواست قبول ہو گئی ہے۔جس ٹیچر نے فون کر کے آگاہ کیا وہ خود حیران تھی کہ پرنسپل نے کیسے اجازت دے دی ۔سورئہ والضحیٰ کے عمل کا طریقہ درج ذیل ہے۔
سورئہ والضحیٰ(پار30)میں نو مرتبہ حرف’’ک‘‘ آیا‘اس سورئہ کی تلاوت اس انداز سے کریں کہ جب بھی ’’ک‘‘ پر پہنچیں تو نو باریَاکَرِیْم پڑھیں اور اس طرح سورئہ مکمل کر لیں۔ یہ عمل روزانہ ہر نماز کے بعد ایک مرتبہ کرنا ہے۔