محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!عبقری قارئین کے لئے آنکھوں کے جملہ امراض سے متعلق ایک آزمودہ نسخہ لے کر حاضر ہوئی ہوں جو بارہا آزما چکی ہوں۔میرے پاس اس کے بے شمار مشاہدات ہیں‘ ان میں سے چند تحریر کر رہی ہوں تاکہ مخلوق خدا کو بھی اس سے فائدہ ہو۔
ایک مرتبہ میں گھر کے کام کاج کر رہی تھی‘نہ جانے اچانک آنکھوں میں کوئی چیز گئی یا کیا ہوا‘آنکھوں سے پانی بہنا شروع ہو گیا۔اس کے علاوہ کوئی بھی چیز ٹھیک طرح سے دکھائی نہ دے رہی تھی کیونکہ ایسے محسوس ہو رہا تھا جیسے آنکھ کے اندر کوئی پتلی سے جھلی آگئی ہے۔میں نے فوری طور پر آنکھوں میں پانی کے چھینٹے مارے کہ شاید کوئی معمولی گرد و غبار ہو گا لیکن کوئی فرق نہ پڑا۔اس پریشانی کےعالم میں اچانک مجھے آنکھوں کے امراض سے متعلق نسخہ یاد آیا جو یہ ہے کہ آب زم زم کے پانی کو ایک ڈراپر میں ڈال کر رکھا ہوا ہے جیسے ہی آنکھ میں جلن‘ تکلیف یا کوئی مسئلہ ہو تو دونوں آنکھوں میں چند قطرے ڈال لیتی ہوں جس سے مسئلہ حل ہو جاتا ہے۔اس مسئلہ کے حل کے لئے بھی میں نے یہی نسخہ دن میں دو سے تین بار آزمایا جس کے بعد آنکھیں بالکل ٹھیک ہو گئیں۔
اس کے علاوہ میرا تجربہ ہے کہ اگر کسی کی نظر کمزور ہو اور وہ کچھ عرصہ مسلسل آب زم زم کے پانی کے چند قطرے آنکھوں میں ڈالنا شروع کر دیں تو بہت جلد افاقہ محسوس ہوتا ہے اور نظر ٹھیک ہو جاتی ہے۔آنکھوں کی مختلف بیماریوں سے نجات پانے کے لئے بہترین نسخہ ہے۔