Search

محترم شیخ الوظائف صاحب السلام علیکم!جب سے آپ سے پانچ سورتیں اور چھ بسم اللہ والا عمل سنا ہے‘دوران سفر اس عمل کا ضرور اہتمام کرتے ہیں جس سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ روزانہ اس عمل کا سات بار ورد کروں جس سے روحانی و جسمانی طور پر بہت فائدہ ہوتا ہے۔اس عمل کی برکت سے سفر میںآسانی ہوتی ہے‘طویل سفر جلد اورعافیت سے طے ہو جاتا ہے۔اس عمل کا ایک مشاہدہ قارئین کی خدمت میں تحریر کر رہی ہوں۔
ایک مرتبہ میرے شوہرفجر سے کچھ دیر پہلے پشاور کے سفر پر روانہ ہوئے۔ میں نےانہیں اس عمل کی یاد دہانی کروادی۔ بس اڈے پر پہنچنے کے لئے وہ ایک رکشہ میں سوار ہوئے ‘ان کےساتھ ایک اور شخص بھی رکشہ میں ساتھ موجود تھا۔ شوہرنے حسب معمول پانچ سورتیں اور چھ بسم اللہ والا عمل پڑھا۔ابھی چند ہی منٹ گزرے تھے کہ سڑک کے سامنے سے ایک تیز رفتار ٹرک آیا اور اس نے رکشہ کو ٹکر ماردی۔شوہر کے ساتھ جو شخص سوار تھے انہیں بری طرح چوٹیں آئیں‘ہاتھ کی انگلیاں کٹ گئیں اورہاتھ بھی بری طرح زخمی ہوگیا جبکہ میرے شوہر ہوا میں لہراتے ہوئے سڑک کے ایک طرف جاگرے، رکشہ الٹ چکا تھا ۔شوہر نے بتایا کہ انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے اللہ کی کسی مخلوق نے با حفاظت ایک طرف کر دیا ہو کیونکہ جب وہ سڑک پر گرے تو انہیں چوٹ تو دور ایک خراش تک بھی نہ آئی تھی۔وہ فوراً بالکل صحیح سلامت اٹھ کھڑے ہوئے۔اللہ تعالیٰ نے ان کی جان کی حفاظت فرمائی۔اس عمل سے اگر خالی ہاتھ بھی سفر پر روانہ ہوں مگر جب واپس آئیں تو کچھ نہ کچھ خیرو برکت ہاتھ میں ضرور ہوگی۔
پانچ سورتیں اور چھ بسم اللہ کے عمل کا طریقہ یہ ہے کہ سورئہ کافرون‘سورئہ نصر‘ سورئہ اخلاص‘سورئہ فلق و ناس ہر بار مع تسمیہ پڑھیں اور آخر میں سورئہ ناس پڑھنے کے بعد دوبارہ بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھ لیں۔