Search

میں نہم جماعت کی طالبہ ہوں۔ مجھے تصویریں بنانے کا جنون کی حد تک شوق ہے۔ جب تصویر بنانے بیٹھ جائوں تو کئی گھنٹے ہوش نہیں رہتا لیکن اب میری نظر دھندلانے لگی ہے۔ ایک ڈاکٹر سے پوچھا تو کہنے لگا کہ عینک لگانے سے نظر ٹھیک ہو جائے گی لیکن عینک نہیں لگانا چاہتی۔ مشورہ دیجئے کہ میری آنکھیں کیسے ٹھیک ہوں گی؟ (ثمرہ،لاہور)
مشورہ:بیٹی! آپ نے اپنی نظر خود خراب کرلی ۔ مسلسل کئی گھنٹے کوئی کام نہیں کرنا چاہیے۔ آنکھوں کو بھی آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔ کام کے بعد ان پر ٹھنڈے پانی کے چھینٹے ڈالیے اور آنکھ بند کرکے سستائیے۔ آپ ابھی چھوٹی ہیں اپنی نظر کا خیال رکھیے۔ فوراً کسی اچھے ڈاکٹر سے مشورہ کرکے نظر کا معائنہ کرائیے اور عینک لگائیے۔ چند ماہ میں مثبت فرق پڑجائے گا۔ آپ نے عینک نہ لگائی تو نظر کمزور ہوتی جائے گی۔روزانہ رات کو سات بادام بھگوئیے! صبح اٹھ کر کھائیے! گاجروں کے موسم میں خوب گاجریں کھائیں اور ان کا جوس پئیں۔ گاجر کا حلوہ اور گجریلہ بھی کھائیے۔