Search

شیخ ابوجعفر رحمۃ اللہ علیہ فرمایا کرتے تھے میں نے خواب میں دیکھا گویا میں جہنم کے ایک پل پر کھڑا ہوں‘ وہاں میں نے بڑی ہولناک چیزیں دیکھی ہیں‘ میں دل میں سوچنے لگا کہ اسے کیسے پارکروں‘ ان ہولناکیوں سے جان کیسے چھوٹے گی اچانک پیچھے سے ایک آواز آئی‘ اے اللہ کے بندے اپنا بوجھ گردن سے اتار دو اور پل پار کر جاؤ‘ میں نے دریافت کیا میرا بوجھ کیا ہے؟ اس نے کہا دنیا کو اپنے سے دور کرکے پل پار کرلو۔ (عبرت کا سامان)
آخرت میں تین مقام اہم ہیں: امام ترمذی حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت نقل کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے قیامت کے روز کی شفاعت کا سوال کیا تو آپ ﷺ نے فرمایا: ان شاء اللہ میں ضرور شفاعت کروں گا۔ میں نے کہا کہ میں آپ کو کہاں تلاش کروں‘ فرمایا سب سے پہلے مجھے پل صراط پر تلاش کرنا‘ میں نے کہا وہاں ملاقات نہ کرسکوں تو پھر کہاں تلاش کروں‘ فرمایا: میزان عدل کے پاس‘ میں نے کہا اگر وہاں بھی ملاقات نہ ہوسکے پھر؟ فرمایا: مجھے حوض کوثر کے پاس تلاش کرنا‘ اس لیے کہ میں ان تین مقامات میں سے کسی ایک پر ضرور ملوں گا۔ حکایت نقل کی گئی ہے کہ ایک صاحب نے اپنے ایک ساتھی کو مرنے کے بعد خواب میں دیکھا اور اس سے پوچھا کہ اللہ تعالیٰ نے تمہارے ساتھ کیا معاملہ کیا؟ اس نے جواب دیا کہ میری نیکیوں اور برائیوں کو تولا گیا‘ میری برائیاں نیکیوں پر غالب آگئیں‘ اس دوران ایک تھیلی آسمان سے آکر میری نیکیوں کے پلڑے میں گری جس سے میری نیکیوں کا پلڑا بھاری ہوگیا میں نے تھیلی کھول کر دیکھا تو اس میں مٹی کی ایک وہ مٹھی نکلی جو میں نے کسی مسلمان کی قبر پر ڈالی تھی۔ (عبرت کا سامان)
مومن کیلئے پانچ عقوبتیں: حضرت علی کرم اللہ وجہ فرماتے ہیں کہ مومن کیلئے اللہ تعالیٰ کے ہاں پانچ قسم کی عقوبتیں ہیں۔ 1 بیماری: چھوٹے گناہوں کا کفارہ۔ 2۔ مصائب: گناہ صغیرہ کا کفارہ ہے۔ 3۔قبر میں عذاب دیاجاتا ہے جب گناہ زیادہ ہوں۔ 4۔ اگر گناہ اس سے بھی زیادہ ہوں تو پل صراط پر روکا جائے گا۔ 5۔پانچویں قسم یہ ہے کہ بقدر ضرورت دوزخ میں عذاب ہوگا۔ (مجلس الابرار صفحہ 315)