ہر نیک اور جائز کام بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھ کر شروع کرنا چاہیے‘ ایک بزرگ بسم اللہ کے فضائل بیان فرمارہے تھے ایک یہودی لڑکی بھی اس اجتماع میں موجود تھی‘ فضائل بسم اللہ سن کر بے حد متاثر ہوئی اور اسلام قبول کرلیا‘ اسی وقت لڑکی کی زبان پر بسم اللہ کا ورد جاری ہوگیا‘ اس وجہ سے لڑکی کے ماں باپ اس سے ناراض رہنے لگے‘ اس کو طرح طرح کی تکالیف دیتے ۔اس لڑکی کے باپ نے جو بادشاہ وقت کا وزیر تھا‘ بادشاہ کی انگوٹھی وزیر کے پاس امانت کے طور پر تھی‘ اس نے انگوٹھی بیٹی کے حوالے کی‘ لڑکی رات کو سوئی تو باپ نے انگوٹھی چرا کر دریا میں پھینک دی‘ وہ انگوٹھی مچھلی نگل گئی‘ صبح کو ایک ماہی گیر نے جال ڈالا اتفاق سے وہ مچھلی جال میں پھنس گئی‘ شکاری نےلاکر وزیر کی نذر کردی‘ وزیر نے لڑکی کو مچھلی پکانے کیلئے دے دی‘ لڑکی نے بسم اللہ پڑھ کر پیٹ چاک کیا تو انگوٹھی نکل آئی جب باپ نے انگوٹھی مانگی تو لڑکی نے بسم اللہ پڑھ کر انگوٹھی باپ کے حوالے کردی باپ یہ واقعہ دیکھ کر حیران رہ گیا اللہ تعالیٰ نے بسم اللہ کی برکت سے لڑکی جان بچالی۔بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِقرآن پاک کی کنجی ہے جو کام اس کے بغیر کیا جائے وہ ناقص ہوتا ہے‘ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کا فرمان عالیشان ہے کہ جو شخص ایک مرتبہ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھ لیتا ہے اللہ تعالیٰ اس کے نامہ اعمال میں دس ہزار نیکیاں لکھتا ہے۔ دس ہزار گناہ معاف کرتا ہے‘ دس ہزار درجات بڑھاتا ہے۔ حضرت نوح علیہ الصلوٰۃ والسلام نے کشتی میں بیٹھتے وقت بسم اللہ پڑھی اور ان کا بیڑا پار ہوگیا جو شخص کسی سواری پر سوار ہوتے وقت بسم اللہ پڑھ لے ان شاء اللہ وہ محفوظ رہے گا جب بندہ بسم اللہ پڑھتا ہے تو شیطان اس طرح پگھلتا ہے جس طرح سیسہ۔ حضور سرور کونین ﷺ نے فرمایا جو بندہ ایک مرتبہ بسم اللہ پڑھے تو اس کے گناہوں میں سے ایک ذرہ بھی باقی نہیں رہتا۔ کاش! ہم بھی ان اصولوں پر عمل کرنا شروع کردیں جو اسلام نے ہمیں دئیے ہیں‘ اے ہمارے پیارے اللہ تعالیٰ ہمیں بسم اللہ کی برکات سے مالا مال فرما اور ہر نیک و جائز کام کی ابتدا میں بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ پڑھنے کی توفیق عطا فرما۔ اے اللہ! بسم اللہ کے طفیل ہمارے گناہ معاف اور ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا اورہماری بخشش فرما۔ آمین! (ہمشیرہ ارشد فاروق ریحان‘ چھنی تاجہ سرگودھا)