Search

محترم حضرت حکیم صاحب السلام علیکم! خدا کرے کہ آپ خیریت سے ہوں۔ آپ کے رسالہ عبقری میں شائع شدہ وظیفہ ’’میری کامیابی کا راز صرف عبقری‘‘ اگست 2013ء ص نمبر 10 پر چھپا تھا۔ میری بیٹی نے وہ پڑھا اور انٹری ٹیسٹ دینے کیلئے چلی گئی۔ وہ بتاتی ہے کہ اگرچہ وہ بال پوائنٹ کھول کر اس کی نب پر اور قلم کی نوک پر دم کرکے لے گئی تھی اور ٹیسٹ میں کئی مشکل سوالوں پر وہ گڑبڑا بھی گئی تھی مگر اللہ کی رحمت سے یہ ہوا کہ جو سوال اس کی سمجھ سےباہر تھے اس نے اللہ کے آسرے پر اور اپنی سمجھ کے مطابق چانس لے لیا اور وہ بالکل ٹھیک نکلے۔ میری بچوں سے گزارش ہے کہ وہ پڑھائی کے ساتھ ساتھ اللہ کو یاد رکھیں اور نماز باقاعدگی سے پڑھیں تاکہ دین اور دنیا دونوں سنورتے رہیں‘ خدا کو یاد رکھو گے تو خدا تم کویاد رکھے۔ اس کے ساتھ اگر آپ کسی نوکری کیلئے انٹرویو دینے جائیں تو درج ذیل عمل کرکے جائیں انشاء اللہ آپ پاس بھی ہوجائیں گے اور منتخب بھی۔ عمل درج ذیل ہے:۔سورۂ قلم ایک مرتبہ سیاہی کی دوات پر پڑھیں اور وہی سیاہی اپنے پین میں بھرلیں پھر ایک دفعہ دوبارہ پڑھ کر قلم کی نوک پر پھونک ماردیں۔ اس کے بعد دو رکعت نفل پڑھیں اور پھر سورۂ فتح پڑھ کر اپنے اوپر دم کرلیں اور جس مقصد کیلئے بھی ٹیسٹ دیں گے انشاء اللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ (حنا ناز‘ لاہور کینٹ)