بحیثیت مسلمان ہم جس بااخلا ق نبیﷺ کے پیرو کا ر ہیں انکا غیر مسلموں سے کیا مثالی سلوک تھا‘ آپ نے سابقہ اقساط میں پڑھا اب ان کے جانوروں سے حسن سلوک کے چند واقعات پڑھیں۔
جانوروں کے معاملے میں اللہ سے ڈرو:حضور نبی کریم ﷺ ایک اونٹ کے پاس سے گزرے کہ (کمزوری کی وجہ سے) اس کا پیٹ کمر سے لگ گیا تھا‘ اس پر حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا: ان بے زبان جانوروں کے معاملہ میں اللہ سے ڈرا کرو‘ جب یہ اچھی حالت میں ہوں تو ان پر سواری کیا کرو اور جب اچھی حالت میں ہوں تب ہی چھوڑ دیا کرو۔ (ابوداؤد)بلی کی وجہ سے دوزخ ملی:حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے فرمایا کہ حضور پرنور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ایک عورت ایک بلی کی وجہ سے دوزخ میں داخل ہوئی‘ اس نے اسے باندھ دیا‘ نہ اسے کھانا کھلایا اور نہ اسے کھولا کہ وہ کیڑے مکوڑے کھالے۔ (بخاری ومسلم)