حضرت ابودرداء رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا: جس شخص کو بھی(کسی کی طرف سے) جسمانی تکلیف پہنچے پھر وہ اس کو معاف کردے تو اللہ تعالیٰ اس کی وجہ سے ایک درجہ بلند فرمادیتے ہیں اور ایک گناہ معاف فرمادیتے ہیں۔ (ترمذی)٭ حضرت جودَان رضی اللہ عنہٗ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: جو شخص اپنے مسلمان بھائی کے سامنے عذر پیش کرتا ہے اور وہ اس کے عذر کو قبول نہیں کرتا تو اس کو ایسا گناہ ہوگا جیسا ناحق ٹیکس وصول کرنےو الے کا گناہ ہوتا ہے۔ (ابن ماجہ)٭حضرت ابوقتادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ فرماتے ہیں کہ میں نےر سول اللہ ﷺ کو یہ ارشاد فرماتے ہوئے سنا: جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کو قیامت کے دن کی تکلیفوں سےبچالیں تو اس کو چاہیے کہ تنگدست کو(جس پر اس کا قرض وغیرہ ہو) مہلت دے دے یا(اپنا پورا مطالبہ یا اس کا کچھ حصہ) معاف کردے۔(مسلم)