Search

حضرت حبشی بن جنادہ رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ حضور نبی اکرم ﷺ نے فرمایا: ’’علی مجھ سے اور میں علی سے ہوں اور میری طرف سے(عہد و پیمان میں) میرے اور علی کے سوا کوئی دوسرا (ذمہ داری) ادا نہیں کرسکتا۔‘‘(امام ترمذی‘ ابن ماجہ‘ امام احمد)حضرت زر(بن حبیش) رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ سے روایت ہے کہ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہٗ نے فرمایا:’’قسم ہے اس ذات کی جس نے دانے کو پھاڑا(اور اس سے اناج اور نباتات اگائے) اور جس نے جانداروں کو پیدا کیا‘ حضور نبی اُمیﷺ کا مجھ سے عہد ہے کہ مجھ سے صرف مومن ہی محبت کرے گا اور منافق ہی مجھ سے بغض رکھے گا۔‘‘ (امام نسائی‘ امام مسلم‘ ابن حبان)حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے ‘ فرماتے ہیں کہ میں نے حضور نبی اکرمﷺ کو فرماتے ہوئے سنا: لوگ جدا جدا نسب سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ میں اور علی ایک ہی نسب سے ہیں۔ (امام طبرانی)