محترم حکیم صاحب السلام علیکم! میرے پاس ایک آزمایا ہوا روحانی اور طبی ٹوٹکہ ہے جس کے استعمال سے دوران روزہ گرمی بالکل نہیں لگتی۔ جب بھی مجھے سخت گرمی محسوس ہوتی ہے میں درود شریف کا ورد شروع کردیتا ہوں جس سے گرمی جاتی رہتی ہے اور ٹھنڈک کا ایک دلفریب احساس محسوس ہوتا ہے۔ پچھلے سال عبقری میں ایک نسخہ چھپا تھا اس کو میں نے آزمایا اور بہت مفید پایا۔ رمضان شریف میں اس کے استعمال سے بھوک اور پیاس نہیں لگتی اور گرمیوں میں رمضان بڑے مزے سے گزرتا ہے۔ کئی لوگوں کو استعمال کرایا انہوں نے روزہ بہت اچھا گزرنے کی تصدیق کی۔ھوالشافی: گلقند 250 گرام اور چھوٹی الائچی دس گرام، چھوٹی الائچی پیس کر گلقند میں ملالیں صبح سحری کے بعد ایک بڑا چمچ آخر میں گلقند کا کھالیں۔ سارا دن پیاس کا احساس نہیں ہوگا کمزوری اور نقاہت نہیں ہوگی۔ میرے منہ میں گرمیوں میں بہت چھالے نکل آتے تھے جو کسی دوا سے ٹھیک نہ ہوتے۔ اس درج بالا دوا کے استعمال سے ایسے ٹھیک ہوئے کہ جیسے تھے ہی نہیں۔ اس کےعلاوہ معدے کے دیگر عوارض بدہضمی‘ گیس‘ اپھارہ کیلئے یہ نسخہ بہت مفید پایا۔ ھوالشافی: چینی ایک پاؤ‘ میٹھا سوڈا چھٹانک‘ ست پودینہ بارہ گرام باہم پیس کر مکس کریں۔ آدھا چمچ صبح، دوپہر، شام ہمراہ پانی استعمال کریں۔(حکیم ریاض حسین‘مکڑوال میانوالی)