محترم حکیم صاحب السلام علیکم! آپ کا درس آن لائن سننے کا شرف حاصل ہوتا ہے۔ میں جب سے آپ سے منسلک ہوئی ہوں تب سے درج ذیل اعمال کررہی ہوں اور ان اعمال کی جو کیفیات ہوئیں وہ بھی آپ کو لکھ رہی ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اور آپ کے اہل خانہ کو اپنی حفاظت میں رکھے۔ آمین۔اعمال جو میں کررہی ہوں:۔بسم اللہ کی دس تسبیح دن میں ایک بار۔ بِسْمِ اللہِ الَّذِیْ لَایَضُرُّ مَعَ اسْمِہٖ شَئْیٌ فِی الْاَرْضِ وَلَآ فِی السَّمَآءِ وَھُوَالسَّمِیْعُ الْعَلِیْم والی دعا صبح و شام تین تین بار۔ چاروں قل شریف تین بار صبح و شام۔ آج کل درود ابراہیمی سوا لاکھ بار شروع کیا ہے دن میں پندرہ سو مرتبہ تک پڑھ رہی ہوں۔ صبح و شام ایک تسبیح تیسرے کلمہ کی۔ ہر نماز کے بعد حروف ابجد سات بار پڑھتی ہوں۔ عشاء کی نماز کے بعد سورۂ ملک‘ منزل اور حرف ق کا عمل۔ اس کے علاوہ یَاعَلِیْمُ عَلِمْنِیْ اور یَابَاعِثُ یَانُوْرُ کی تسبیح اور تسبیحات فاطمہ سونے سے پہلے۔ میرے ان سب اعمال کی صرف ایک ہی نیت ہے کہ میں اللہ کے زیادہ قریب جاسکوں اور میرا خاتمہ ایمان پر ہوجائے اس کے علاوہ کوئی خواہش نہیں اللہ سے جو مانگنا چاہتی ہوں وہ مالک بغیر مانگے ہی عطا کردیتا ہے۔محترم حکیم صاحب! جب سے درج بالا اعمال شروع کیے اس کے بعد کچھ عجیب باتیں ہوئیں ۔اُن دنوں میرا روم نیچے سے شفٹ ہوکر اوپر والے پورشن میں ہوگیا۔ جب سے اس کمرے میں آئی ‘ ساری رات ڈرتے ہوئے گزرتی‘ پھر حفاظت کیلئے آیت الکرسی کا حصار اور یَاحَفِیْظُ یَاسَلَامُ کا حصار کرلیتی تھی جس سے کچھ سکون ہوا۔نیچے والے پورشن میں کبھی ایسا نہیں ہوا۔