Search

میں خوف سے ساری رات جاگتی ہوں‘ لگتا ہے گھر میں کوئی آجائے گا۔ بہت قصے سنے ہیں‘ ایسے خوفناک واقعات اور خبریں سننے میں آتی ہیں کہ اب دن میں بھی ڈر لگنے لگتا ہے۔ حال ہی میں شادی ہوکر آئی ہوں‘ یہاں میرا کوئی نہیں‘ شوہر بھی رات کی ڈیوٹی کرتے ہیں۔ (ش، بلجیم)
مشورہ: دنیا میں ہر طرح کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں یہ آپ کے انتخاب پر ہے کہ کہاں توجہ دیں اور کیا سننا یا پڑھنا چاہیں جس بات میں دلچسپی ہوگی وہی دماغ میں بار بارآئے گی۔ صحت مند ذہن ہر وقت خوف کی حالت میں نہیں رہتا۔ مثلاً کوئی ہمارے گھر میں اس وقت تک داخل نہیں ہوسکتا جب تک ہم گھر کا دروازہ نہ کھولیں۔ اسی طرح خوف بھی دماغ میں جگہ بناسکتا ہے۔ جب تک ہم اس پر توجہ نہ دیں۔ بعض لوگ لاشعوری طور پر خوفزدہ کرنے والی باتوں میں دلچسپی لیتے ہیں بعد میں یہ بات اذیت بن جاتی ہے۔ ذہنی طور پر صحت مند لوگوں کو اپنی قوت ارادی سے اچھا کام لینا آتا ہے۔ ان کے خیالات قابو میں ہوتے ہیں۔ آپ نے بھی کوشش کی تو خوف کی جگہ اطمینان اور سکون حاصل ہوجائےگا۔