Search

چھ ماہ پہلے میرے پائوں پر اینٹ گری تھی۔ تب کچھ محسوس نہیں ہوا مگر اب پائوں اس جگہ سے بے حس ہوگیا ہے۔ دوائیاںکھارہی ہوں لیکن پائوں کسی طرح ٹھیک نہیں ہوا۔ سردی میں زیادہ تکلیف ہوتی ہے۔ یہ کیسے ٹھیک ہوگا؟ چلنے پھرنے میں بھی دقت ہے۔ (رخشندہ، گجرات)
مشورہ:آپ نے صرف پائوں بے حس ہونے کا لکھا ہے۔ اب معلوم نہیں درد ہے یا نہیں؟ پھر کیا چوٹ سے نیل پڑا ہے؟ بہرحال ایک پرانا ٹوٹکہ ہے جب چوٹ سے جسم کا کوئی حصہ سن ہو جائے تو گھیکوار کام آتا ہے۔ گھیکوار کا ٹکڑا بیچ سے تراش لیجیے۔ پھر دن میں کم از کم چار بار اس کا گودا پائوں پر اچھی طرح ملیے اور خشک ہونے دیجیے۔ گودا دھونا نہیں ہے۔ یہ صبر آزما ٹوٹکہ ہے۔ بارہ سے پندرہ ہفتے روزانہ یہ عمل کرنے سے آرام آتا ہے۔ آپ گھیکوار کا ایک انچ ٹکڑا روزانہ کھا بھی سکتی ہیں یا پھر قیمہ بھون کر گھیکوار کا تھوڑا گودا ملائیے اور اچھی طرح پکا کر کھالیجئے۔ کلونجی کا تیل بھی مفید ہے یہ تیل ایک چمچ، گیارہ چمچ زیتون کے تیل میں ہلکی آنچ پر اچھی طرح جلائیے۔ پھر اتارئیے اور چھان کر رکھ لیں۔ پائوں پر اس تیل کی مالش کیجئے پانچ منٹ بعد اس پر تھوڑا سا شہد لگا کر دوبارہ مالش کریں گھنٹہ بھر بعد نیم گرم پانی سے پائوں دھو لیجیے ۔ کلونجی، شہد اور زیتون میں شفا ہے۔