میرا چہرہ بہت خشک ہے اور جیسے جیسے موسم تبدیل ہوتا جائے گا جلد اکڑنا شروع ہوجائے گی‘سردیوں میں تو، جھریاں پڑجاتی ہیں۔ میری عمر 20 سال ہے۔ سب مذاق اڑاتے ہیں۔ دوسرے یہ کہ بال جگہ جگہ سے کم ہوتے جارہے ہیں۔ کسی طرح ٹھیک نہیں ہورہے۔ کیا کروں؟ (ث، اسلام آباد)
مشورہ:میتھی پکا کر کھائیے اس کے پتے توڑ کر دھوکر انہیں باریک پیس کر بالوں کی جڑوں میں لگائیے۔ آدھ ایک گھنٹے بعد سردھولیجئے اور گیلے بالوں میں لیموں کے رس کے پانچ قطرے چوتھائی چمچ تیل ملا کر بالوں کی جڑوں میں لگائیے۔ میتھی کے پتوں کا لیپ چہرے حپر بھی پندرہ بیس منٹ کے لیے لگا سکتی ہیں۔ پھر منہ دھوکر گلاب کا عرق لگا کر سو جائیے۔ میتھی کے پتے چہرے کی تازگی کے لیے مفید ہیں، جھریاں بھی ختم ہو جاتی ہیں۔ اس طرح گھیکوار کا گودا چہرے پر لگا سکتی ہیں اسے بھی بالوں کی جڑوں میں لگا کر آدھ گھنٹہ بعد سردھو سکتی ہیں۔ بالوں میں تیل ضرور لگائیے۔ چقندر کا تیل بالوں کے لیے بہت مفید ہے۔ دو چقندر پتوں سمیت لیں۔ چقندر کے گول گول قتلے کاٹ کر تیل گرم کرکے اس میں ایک ایک قتلہ ملائیں۔ جب خوب کالا ہو جائے، اتار کر دوسرا قتلہ ڈالیں۔ آخر میں پتے بھی ڈال دیں۔ تیل ٹھنڈا ہونے پر چھان کر یہ تیل لگائیں۔ چقندر کا تیل بالوں کو بڑھاتا، خشکی دور کرتا ہے۔ گاجر کا رس کچھ دن روزانہ پئیں اور اس میں بھی چقندر کا ایک بڑا ٹکڑا شامل کرلیں۔